ون کانسٹی ٹیوشن اسکینڈل: جے آئی ٹی نے عبدالحفیظ شیخ کو ماسٹر مائنڈ قرار دے دیا

اسلام آباد:ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو اسکینڈل کی جے آئی ٹی رپورٹ سامنے آگئی جس میں سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو مبینہ طور پر اسکینڈل کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشاری سمیت فیصل اعوان، اظہر چوہدری، بریگیڈیئر نصرت اللہ اور مرحوم رائے نواز کھرل کو بھی ملوث قرار دیا گیا ہے۔

جے آئی ٹی کے مطابق ساڑھے 13 ایکڑ اراضی صرف فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر کے لیے دی گئی تھی تاہم قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 254 اپارٹمنٹس رہائشی یونٹس کے طور پر 99 سالہ ذیلی لیز پر فروخت کیے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیلامی کے عمل میں بے ضابطگیاں کی گئیں۔ پہلی نیلامی سی ڈی اے بورڈ کی منظوری کے بغیر منسوخ کی گئی جبکہ دوسری بولی کے بعد قوانین میں غیرقانونی نرمی کی گئی۔ بینک گارنٹی کی شرط بھی لیز پر دستخط سے صرف تین روز قبل ختم کردی گئی۔

جے آئی ٹی نے سفارش کی ہے کہ منصوبے کی دوبارہ شفاف نیلامی کی جائے اور اصل خریداروں کو رقم سود سمیت واپس کی جائے۔ عبدالحفیظ شیخ اور بی این پی کو سرکاری منصوبوں کے لیے بلیک لسٹ کرنے اور نیب کو تین ماہ میں ریفرنس دائر کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں