دنیا کے امیر ترین کرکٹ بورڈ کی غفلت سامنے آ گئی، بھارتی کرکٹ ٹیم کو تاحال کٹس نہ مل سکیں

اسلام آباد:ایشین گیمز میں شرکت سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کو کٹس اور رہائش کے انتظامات سے متعلق مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شریاس ایئر کی قیادت میں بھارتی ٹیم جاپان روانہ ہوگی جہاں 22 ستمبر کو جاپان کے خلاف واحد ٹی20 میچ کھیلا جائے گا۔ ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلے 28 ستمبر سے شروع ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی کھلاڑیوں کے لیے مطلوبہ سائز کی مکمل سرکاری کٹس تاحال فراہم نہیں کی جاسکیں۔ کٹس کے معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ اور کٹ فراہم کرنے والے ادارے کے درمیان رابطہ ہوا جس کے بعد مسئلہ بڑی حد تک حل کرلیا گیا ہے تاہم کچھ کٹس کی فراہمی ابھی باقی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ناگویا میں بھارتی مرد کرکٹ ٹیم کی رہائش کا انتظام بھی آخری وقت تک مکمل نہیں ہوسکا۔ کھلاڑیوں کے کٹ بیگز رکھنے کے لیے مناسب جگہ نہ ہونے کے باعث بی سی سی آئی نے ٹیم کے لیے الگ ہوٹلوں میں رہائش کا انتظام کیا ہے۔

بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی رہائش کے حوالے سے کسی مسئلے کی اطلاع نہیں ملی۔ بھارتی ٹیم اب جاپان روانگی کی تیاری کر رہی ہے جہاں ایشین گیمز سے قبل ٹی20 میچ کھیلا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں