واشنگٹن:امریکی فوج نے ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر ممکنہ فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیاریاں تیز کردی ہیں اور مشرق وسطیٰ میں اضافی فوجی وسائل بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
امریکی ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق پینٹاگون نے فوج کو ممکنہ کارروائیوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ دوبارہ شروع کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ممکنہ فوجی آپریشن میں ایران کی جوہری تنصیبات، توانائی کے مراکز اور اہم بنیادی ڈھانچے کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایسی کارروائی میں اسرائیلی فوج کی شمولیت کا امکان بھی موجود ہے۔ دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطے بھی جاری ہیں۔











