احتجاج کی کال

حکومت اور عمران خان کے درمیان ڈیل کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،بیرسٹر گوہرنے تردید کر دی

اسلام آباد ۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے پارٹی بانی عمران خان اور حکومت کے درمیان مبینہ “ڈیل” کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی افواہیں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔

جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ عمران خان کسی بھی قسم کی خفیہ مفاہمت یا معاہدے کے قائل نہیں اور پارٹی قیادت کا مؤقف بھی اسی پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے قومی اسمبلی میں مذاکرات کی پیشکش کو مثبت انداز میں دیکھا گیا ہے، مگر کسی بھی فیصلہ کن قدم سے پہلے پارٹی کی مشاورت اور عمران خان کی رائے کو اولین حیثیت حاصل ہو گی۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق عمران خان نے کبھی پس پردہ معاہدے یا سودے بازی کی کوئی خواہش ظاہر نہیں کی، اور نہ ہی ان کے بیٹے قاسم اور سلیمان کی جانب سے کسی مفاہمت کی تائید کی گئی ہے۔ دونوں بیٹے اپنے والد کی موجودہ صورتحال سے مکمل طور پر باخبر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت ایک ناجائز اور غیر منصفانہ قید کا سامنا کر رہے ہیں، اور ایسی حالت میں ڈیل کی بات کرنا نہ صرف نامناسب بلکہ گمراہ کن ہے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عمران خان کا ہمیشہ سے یہی مؤقف رہا ہے کہ ملک کو درپیش سیاسی بحران کا حل صرف شفاف سیاسی مکالمے اور کھلے ڈائیلاگ سے ممکن ہے، نہ کہ کسی خفیہ سودے سے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہر سطح پر بات چیت کے لیے تیار ہے، مگر کسی ڈیل یا پس پردہ معاہدے کا تصور بھی پارٹی کے اصولوں کے منافی ہے۔ تمام فیصلے مشاورت، شفافیت اور پارٹی قیادت کی اجتماعی رائے سے کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں