معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں یوم تشکر، افواجِ پاکستان کو خراج تحسین

اسلام آباد۔ “معرکۂ حق” میں حاصل ہونے والی تاریخی کامیابی کی خوشی میں آج ملک بھر میں یومِ تشکر منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر قوم اور افواجِ پاکستان کو زبردست انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

یومِ تشکر کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

پاک فوج کے مستعد دستوں نے “اللہ اکبر” کے بلند نعروں کے ساتھ ملک کی حفاظت کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔

ملک کے مختلف علاقوں میں یومِ تشکر کے سلسلے میں تقریبات کا اہتمام جاری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب کی قیادت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی کھلی جارحیت اور اشتعال انگیزی کا پاکستان نے مؤثر جواب دے کر شاندار کامیابی حاصل کی، جس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کیا، جس میں معصوم شہری شہید ہوئے۔ اس کے بعد پاکستان نے دفاعی کارروائی کرنا اپنا فرض سمجھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، لیکن اپنی خودمختاری کے دفاع کا پورا حق رکھتا ہے۔ ہماری افواج نے دشمن کو اس کی زبان میں جواب دے کر تاریخ رقم کر دی۔

کراچی میں مزار قائد پر ہونے والی تقریب میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے شرکت کی، پھول چڑھائے اور دعا کی۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کیے۔

لاہور میں مزار اقبال پر یوم تشکر کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے شرکت کی، فاتحہ خوانی کی اور مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں