وزیراعظم کی نوازشریف سے ملاقات، آپریشن بنیان مرصوص پر تفصیلی آگاہ کیا

لاہور۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے رائیونڈ میں ملاقات کی ہے، ملاقات میں اہم قومی و بین الاقوامی معاملات پر گفتگو ہوئی۔ انہیں “آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی اور ملک کی سکیورٹی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں نے ملکی سیاسی صورتحال اور قومی اتحاد کو برقرار رکھنے پر بھی مشاورت کی گئی۔ ملاقات کے دوران شہباز شریف نے نواز شریف کو غیر ملکی رہنماؤں اور وفود سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات بھی فراہم کیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کی مسلح افواج اور پوری قوم نے جس عزم اور حوصلے سے یہ جنگ لڑی، اس کی مثال نہیں ملتی۔ عوام کے استقلال نے ہماری عسکری تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے۔ ہم نے دانشمندانہ حکمت عملی کے ذریعے ہر چیلنج کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے حسبِ روایت اس بار بھی الزامات لگا کر خود کو الگ کر لیا، اور پہلگام واقعے کی تحقیقات کے لیے تیار نہیں ہوا۔ پاکستانی جوانوں نے چند گھنٹوں میں ایسی شجاعت اور بہادری دکھائی جو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی افواج اور قوم نے دشمن کو شکست دے کر ملک کا وقار بلند کیا۔ آج دنیا پاکستان کے پرچم کو عزت سے دیکھتی ہے۔ اس جنگ میں پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افواج پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔

آخر میں نواز شریف نے شہباز شریف کو ہدایت کی کہ عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان ہر میدان میں ترقی کی جانب گامزن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں