اسلام آباد ۔وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف عالمی سطح پر مؤقف اُجاگر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے بلاول بھٹو کو اہم ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے پھیلائے جانے والے جھوٹے بیانیے اور خطرناک سازشوں کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے ایک مؤثر سفارتی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد تشکیل دیا گیا ہے جس کی قیادت چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔
وزیراعظم نے بھارتی پراپیگنڈے کا توڑ کرنے کے لیے عالمی دارالحکومتوں میں وفود بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ٹیلیفون پر مشاورت بھی ہوئی۔
بلاول بھٹو اس وفد کے ہمراہ یورپی ممالک کا دورہ کریں گے اور بین الاقوامی برادری کو بھارت کی حالیہ جارحانہ پالیسیوں اور پروپیگنڈے کے خطرات سے آگاہ کریں گے۔
وزیراعظم نے اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی قائم کی ہے، جس کی سربراہی بلاول بھٹو زرداری کو سونپی گئی ہے۔ اس وفد میں سابق وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سفارتی تجربہ رکھنے والے رہنما شامل ہیں، جن میں خرم دستگیر، ڈاکٹر مصدق ملک، سینیٹر شیری رحمان، حنا ربانی کھر، جلیل عباس جیلانی، فیصل سبزواری اور تحمینہ جنجوعہ شامل ہیں۔
یہ وفد عالمی سطح پر نہ صرف بھارتی اشتعال انگیزیوں اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرے گا بلکہ پاکستان کے امن کے لیے کیے گئے اقدامات اور مؤقف کو بھی پیش کرے گا۔
ذرائع کے مطابق، اس وفد کا دورہ لندن، واشنگٹن، پیرس اور برسلز سمیت دیگر اہم عالمی شہروں تک پھیلے گا، جہاں وہ بھارت کے منفی کردار کو دنیا کے سامنے لائیں گے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کریں گے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مجھ سے رابطہ کرکے یہ اہم قومی ذمہ داری سونپی، جس پر مجھے فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان نازک حالات میں ملک کے مؤقف کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔