راولپنڈی : 9 مئی کے اہم کیسز کی تحقیقات کے سلسلے میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے وکلاء کی عدم موجودگی کو بنیاد بناتے ہوئے تحقیقاتی عمل میں شامل ہونے سے انکار کیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کی 11 رکنی ٹیم ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی تھی، جہاں تفتیشی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی سے پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے تعاون کی درخواست کی، تاہم جیل عملے کی جانب سے بلائے جانے پر بھی وہ اپنی سیل سے باہر نہ آئے۔
تفتیشی ٹیم میں ڈی ایس پی آصف جاوید کے علاوہ انسپکٹر محمد اسلم، انسپکٹر محمد عالم، اور انسپکٹر محمد ارحم شامل تھے، جب کہ پنجاب فرانزک یونٹ کے ماہر عابد ایوب بھی ٹیم کا حصہ تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم 9 مئی کے واقعات سے متعلق مختلف کیسز کی روشنی میں پولی گرافک ٹیسٹ کرانا چاہتی تھی تاکہ تحقیقات کو آگے بڑھایا جا سکے تاہم بانی پی ٹی آئی نے اس سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اُن کے وکلاء کی موجودگی کے بغیر وہ کسی تفتیشی عمل میں شامل نہیں ہوں گے۔
بانی پی ٹی آئی کے انکار کے بعد تفتیشی ٹیم کو ناکام لوٹنا پڑا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں دوبارہ کوشش کی جا سکتی ہے تاکہ قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔