اسلام آباد ۔پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان رابطے کے دوران کشیدگی میں کمی اور امن کی جانب پیش رفت پر عمومی اتفاق رائے کیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقائی اور بین الاقوامی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کم کرنے پر عمومی اتفاق رائے سامنے آگیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں ممالک نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی ہے کہ افواج کو رفتہ رفتہ امن کے دوران تعینات پوزیشنوں پر واپس لایا جائے گا۔
ذرائع نے کہا کہ سیز فائر اور کشیدگی میں کمی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم دونوں فریقین کے درمیان ایک “غیر رسمی مفاہمت” موجود ہے، جس کا مقصد موجودہ محاذ آرائی کو کم کر کے خطے میں امن و استحکام کی بحالی ہے۔