پاکستان نے معاشی اہداف مکمل اور اصلاحات میں مثبت پیش رفت کی، آئی ایم ایف کا اعتراف

اسلام آباد۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے معاشی اہداف کی تکمیل کے ساتھ ساتھ متعدد اصلاحات میں بھی قابل ذکر پیش رفت کی ہے۔ ادارے کے مطابق پاکستان نے توسیعی فنڈ سہولت (EFF) پروگرام کے تحت تمام طے شدہ اہداف پورے کیے ہیں۔

آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونی کیشن، جولی کوزیک، نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ ایگزیکٹو بورڈ نے 9 مئی کو پروگرام کی منظوری دی، جس کے بعد فنڈز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو منتقل کر دیے گئے۔ تاہم، یہ رقم حکومتی بجٹ سپورٹ کے لیے استعمال نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 25 مارچ 2025 کو طے پایا، جبکہ ای ایف ایف پروگرام کی منظوری ستمبر 2024 میں دی گئی تھی۔ اس پروگرام کا پہلا جائزہ 2025 کی پہلی سہ ماہی میں شیڈول کیا گیا ہے۔

ایگزیکٹو بورڈ کے مطابق پاکستان نے نہ صرف طے شدہ معاشی اہداف حاصل کیے بلکہ کئی کلیدی اصلاحات پر بھی پیش رفت کی، جس کے نتیجے میں پروگرام کی منظوری ممکن ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں