اسلام آباد ۔عالمی باکسنگ تنظیم کے حالیہ اعلان کے مطابق، اب ورلڈ باکسنگ کے تحت ہونے والے مقابلوں میں حصہ لینے والے تمام باکسرز کو صنفی شناخت کی جانچ سے گزرنا ہوگا۔
ادھر، پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والی الجزائری باکسر ایمان خلیف بھی اس نئے ضابطے کی زد میں آگئی ہیں۔ جب تک وہ اپنا جینڈر ٹیسٹ نہیں کرواتیں، انہیں کسی بھی مقابلے میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ورلڈ باکسنگ کی جانب سے اس حوالے سے الجزائر کی باکسنگ فیڈریشن کو باقاعدہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔ ایمان خلیف کو تب تک جون میں ہونے والے اینڈہوون باکس کپ میں شرکت سے روک دیا گیا ہے جب تک ان کا جینڈر ٹیسٹ مکمل نہیں ہو جاتا۔
ایونٹس سے متعلق قواعد و ضوابط میں ترمیم ورلڈ باکسنگ کانگریس کے فیصلے کے تحت کی گئی ہے۔ یہ نئے اصول لڑاکا کھیلوں میں کھلاڑیوں کی سلامتی اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیے گئے ہیں۔ ان ضوابط کے مطابق، اب اٹھارہ سال سے بڑی عمر کے تمام ایتھلیٹس کے لیے صنفی شناخت کا ٹیسٹ کروانا ضروری ہوگا۔
یہ قابل ذکر ہے کہ پیرس اولمپکس کے دوران صنفی شناخت سے متعلق تنازع میں آنے والی ایمان خلیف نے خواتین کی باکسنگ میں طلائی تمغہ جیتا تھا، تاہم بعد ازاں ان کی میڈیکل رپورٹ افشا ہوگئی، جس میں انکشاف کیا گیا کہ 25 سالہ ایمان خلیف دراصل خاتون نہیں بلکہ مرد ہیں۔