اسلام آباد۔پاکستان کی انڈر-16 والی بال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈونیشیا کو 0-3 سے شکست دے کر ایشین انڈر-16 والی بال چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ حاصل کر لی ہے۔
تھائی لینڈ میں جاری چیمپیئن شپ کے کوارٹر لیگ مرحلے کے پہلے میچ میں بدھ کے روز پاکستانی ٹیم نے کسی بھی سیٹ میں شکست نہ کھاتے ہوئے مکمل برتری کے ساتھ کامیابی سمیٹی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے نہ صرف سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی بلکہ اگلی عالمی جونیئر والی بال چیمپیئن شپ میں شرکت کا کوٹہ بھی حاصل کر لیا۔
پاکستان چیمپیئن شپ کی پہلی ایسی ٹیم بن گئی ہے جس نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ٹیم جمعرات کو اگلا میچ ایران کے خلاف کھیلے گی، جو رسمی نوعیت کا ہوگا کیونکہ پاکستان پہلے ہی فائنل فور میں پہنچ چکا ہے۔
چیمپیئن شپ میں پاکستان نے اپنی مہم کا آغاز گروپ ڈی میں کیا، جہاں اس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوریا، سعودی عرب اور چائنیز تائپے کو شکست دی۔ ان فتوحات کے ساتھ پاکستان ناقابل شکست رہتے ہوئے گروپ چیمپیئن بن کر کوارٹر لیگ میں پہنچا۔
پاکستانی انڈر-16 ٹیم کی یہ تسلسل کے ساتھ فتوحات ملکی والی بال کے لیے نہایت خوش آئند ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کی محنت اور صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔











