سعودی عرب: ناقص کارکردگی اور خلاف ورزی پر 21 عمرہ کمپنیاں معطل

جدہ (امیر محمد خان سے ) سعودی وزارت حج و عمرہ نے گزشتہ سیزن کی کارکردگی کی تفتیش کے بعد 21 عمرہ کمپنیوں کو اپنی خدمات فراہم کرنے کا سسٹم معطل کر دیا ہے۔

تفتیش سے کئی کمپنیوں کی کارکردگی کی معیار میں کمی کا انکشاف ہوا ہے اور عمرہ خدمات کو کنٹرول کرنے والے ضوابط اور ہدایات کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی سامنے آئی ہے۔

کارروائی عمرہ سیزن کے لیے وزارت کی ابتدائی تیاریوں اور حجاج کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو یقینی بنانے کے عزم کا حصہ ہے۔

سعودی وزارت حج وعمرہ نے وضاحت کی ہے کہ معطلی میں 15 عمرہ کمپنیاں شامل ہیں کیونکہ منظور شدہ ضوابط کے مطابق کارکردگی کی درجہ بندی کم ہے،مزید چھ کمپنیوں کو عمرہ سروسز سے متعلق ضابطوں اور ہدایات کی خلاف ورزی کرنے پر معطل کیا گیا ہے جن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔

سعودی وزارت حج وعمرہ نے اس بات پر زور دیا ہےکہ عمرہ خدمات کمپنیوں کے قواعد وضوابط اور ہدایات کا سختی سے اطلاق جاری رکھے گی، زائرین کی خدمات کے معیار یا خدا کے مہمانوں کے حقوق کو متاثر کرنے والی کسی کوتاہی کو برداشت نہیں کی جائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں