اسلام آباد: اسلام آباد میں 7 دسمبر کو دوبارہ احتجاج کی کوئی کال نہیں دی، پی ٹی آئی کی تردید
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ 7 دسمبر کو دوبارہ اسلام آباد احتجاج کے حوالے سے سامنے آنے والی خبر درست نہیں ہے۔
ایک ٹی انٹرویو میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ کچھ دنوں سے فیک نیوز کا بازار گرم ہے،
کہا گیا کہ پارٹی کا نیا چیئرمین بنا دیا گیا ہے اور سلمان اکرم راجہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، یہ خبریں غلط ہیں کیونکہ سلمان اکرم راجہ بھی بدستور اپنے عہدے پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 7 دسمبر کو اسلام آباد دوبارہ احتجاج کے لیے آنے کی خبر درست نہیں،
اسد قیصر نے 7 دسمبر کو دوبارہ اسلام آباد جانے کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا اور نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ پارٹی کی سطح پر ہوا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پارٹی معاملات کو ہم دیکھ لیں گے، پی ٹی آئی ہمیں اپنے کپڑے باہر دھونے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی بھی ہمارے لوگ لاپتا ہیں اور ہر چیز کا ریکارڈ ہمارے پاس موجود ہے۔
پی ٹی آئی کی تردید:
سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ اسلام آباد میں کارکنوں کی شہادتوں کا معاملہ اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہمارے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ مشال یوسفزئی کی پارٹی میں کوئی پوزیشن نہیں ہے البتہ وہ بشری بی بی کی ذاتی ترجمان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہنا سراسر جھوٹ ہے کہ ڈی چوک میں گولیاں نہیں چلیں،وزیر دفاع کا بیان آیا کہ جنازے دکھاؤ جبکہ ہم نے کل کی پریس کانفرنس میں جنازے کی فوٹیج دکھائی تھیں۔
مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا نے بھی ہمارے کارکنوں کی ہلاکتوں کو رپورٹ کیا ہے،
ہمارا مطالبہ ہے کہ اس معاملے پر ایک اعلیٰ سطح کا جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور تحقیقات کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کل کی تاریخ تک 12 کارکنوں کی ہلاکتوں کا کنفرم ڈیٹا موجود تھا،
ہم الزام تراشی نہیں بلکہ شواہد کے ساتھ بات کریں گے ، ریاست ماں کے جیسی ہوتی ہے ، ریاست کے صبر کا پیمانہ لبریز نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے تو یہ کہہ رہے تھے کہ ڈی چوک پر کوئی فائرنگ نہیں ہوئی، پھر کہا کہ ڈی چوک کراس کرنے کی کوشش کی اس لیے گولی چلی۔