منسک : پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے کئی اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔
اس اہم تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان اور بیلاروس کی وزارتِ دفاع کے مابین فوجی تعاون کا معاہدہ طے پایا، جبکہ بیلاروس کی وزارتِ داخلہ اور پاکستان کی وزارتِ داخلہ کے درمیان بھی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔
دونوں ممالک کے درمیان 2025 سے 2027 تک کے لیے فوجی و تکنیکی تعاون کا روڈ میپ بھی طے پایا، جو بیلاروس کی فوجی صنعت کی اتھارٹی اور پاکستان کی وزارتِ دفاعی پیداوار کے درمیان طے ہوا۔ اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان ری ایڈمیشن معاہدے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
مزید برآں، پاکستان پوسٹ اور بیلاروس پوسٹ کے درمیان ڈاک کے تبادلے سے متعلق معاہدہ کیا گیا، جبکہ بیلاروس کا چیمبر آف کامرس اور پاکستان کی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے پر معاہدہ ہوا۔
وزیراعظم کے اس دورے کے دوران فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے بیلاروس کی کمپنیوں جے ایس سی ایم کوڈور اور او جے ایس سی ماز کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے، جن کا مقصد تعمیراتی و صنعتی شعبے میں باہمی اشتراک کو فروغ دینا ہے۔