نوجوانوں کو مواقع دے کر ملکی ترقی کی رفتار بڑھائیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد ۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کر کے ملک کی ترقی کی رفتار میں تیزی لائی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو آگے بڑھا کر ہی ہم اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں زرعی تعلیم کے لیے ایک ہزار میں سے 300 طلبہ کے پہلے گروپ کو چین روانہ کیا جا رہا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے تعلیمی ادارے ماضی میں سیاسی اثرات کا شکار رہے، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ انہیں فعال کر کے نوجوانوں کو ملکی خدمت کے قابل بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان دن رات محنت سے ملک کی عزت و وقار میں اضافہ کریں گے۔ قوم کی امیدیں انہی نوجوانوں سے وابستہ ہیں۔ چین ہمارا قریبی اور مخلص دوست ہے، آپ وہاں جا کر جدید زرعی علوم حاصل کریں اور وطن واپس آ کر ان علم و مہارت سے ملک کو فائدہ پہنچائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ تربیت مکمل کرنے کے بعد نوجوان دیہی علاقوں میں جا کر زرعی کاروبار کا آغاز کریں۔ حکومت اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کرے گی، جن میں سبسڈی والے قرضے، سہولتیں اور دیگر مراعات شامل ہوں گی۔ اس کے نتیجے میں زرعی پیداوار بڑھے گی اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

شہباز شریف نے بتایا کہ چین کے حالیہ دورے کے دوران وہ صدر شی جن پنگ کے آبائی علاقے میں موجود ایک زرعی یونیورسٹی گئے، جہاں کی جدید سہولیات دیکھ کر وہ حیران رہ گئے۔ چینی صدر نے پاکستانی نوجوانوں کو زرعی تربیت دینے کی پیشکش قبول کی، جس پر انہوں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ ہمارے نوجوان چین میں رہ کر زرعی شعبے کی ترقی کا گہرا مطالعہ کریں، تجربہ حاصل کریں اور پھر اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کی زراعت کو فائدہ پہنچائیں۔ حکومت اس مقصد کے لیے پرعزم ہے اور نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر اس منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تربیت کے لیے جانے والے طلبہ کا تعلق ملک کے تمام حصوں، بشمول چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے ہے، اور اس سارے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں