نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں پاک بھارت کشیدگی اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، سینیٹر اسحاق ڈار نے سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی کو علاقائی حالات سے آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور جھوٹے پروپیگنڈے کو واضح الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔
ترجمان کے مطابق، نائب وزیر اعظم نے چین کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاک چین دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے پاکستان کے عزم کی دوبارہ توثیق کی۔
بیان میں کہا گیا کہ نائب وزیر اعظم نے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور باہمی احترام، افہام و تفہیم کو بڑھانے اور تسلط پسندانہ رویوں کی مشترکہ مخالفت پر اتفاق کیا۔
فریقین نے یہ بھی طے کیا کہ وہ امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھیں گے۔