اسلام آباد ۔وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سعودی عرب علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنے کا خواہاں ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور بھائی چارے کا مظاہرہ کیا۔
پہلگام واقعے کے تناظر میں جنوبی ایشیا میں امن و امان کی صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر کو واضح کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی ہر شکل اور ہر انداز کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں قربانیاں دی ہیں، جو نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سلامتی کے لیے بھی نہایت اہم رہی ہیں۔
وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کا تعلق پاکستان سے جوڑنے کے بے بنیاد الزامات کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کے مطالبے کو دہرایا۔
انہوں نے زور دیا کہ سعودی عرب سمیت دوست ممالک کی معاونت سے گزشتہ ڈیڑھ سال کی محنت کے نتیجے میں حاصل ہونے والی معاشی کامیابیوں کے تحفظ پر حکومت کی پوری توجہ مرکوز ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوششیں ناقابل قبول اور بے جواز ہیں۔
انہوں نے برادر ممالک، بالخصوص سعودی عرب سے اپیل کی کہ وہ خطے میں تناؤ میں کمی لانے کے لیے بھارت پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی مستقل خواہش کا اعادہ بھی کیا۔
سعودی سفیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔