اسلام آباد ۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب بھارت نے ایک بار پھر پاکستانی سرحد میں دراندازی کی جس دوران 12 بھارتی ڈرون مار گرائے گئے، جبکہ اس حملے میں پاک فوج کے چار اہلکار زخمی ہوئے۔
فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے سربراہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے ایک مرتبہ پھر دشمنی پر مبنی قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان کی فضائی حدود کی صریح خلاف ورزی کی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ بھارتی ڈرونز کو مختلف شہروں کی سمت روانہ کیا گیا تھا، تاہم تمام 12 ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا، اور اس وقت ملبے کو جمع کرنے کا عمل جاری ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ ان ڈرونز میں سے ایک لاہور میں ایک فوجی تنصیب کے قریب گرا، جس کے نتیجے میں چار فوجی اہلکار زخمی ہوئے اور سازوسامان کو معمولی نقصان پہنچا، جبکہ میانو کے علاقے میں ایک شہری جان بحق اور دوسرا زخمی ہوا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کے نزدیک بھارتی ڈرونز کو مار گرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ان واقعات میں مجموعی طور پر ایک شہری شہید ہوا اور پاک فوج کے چار جوان زخمی ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے خبردار کیا کہ عالمی برادری اس صورت حال کا مشاہدہ کر رہی ہے، بھارت کے ان اقدامات سے نہ صرف خطے کا امن متاثر ہو رہا ہے بلکہ یہ عالمی سطح پر بھی خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات کی کارروائی غیر معمولی اور شدید اشتعال انگیز حرکت تھی، اور اب بھی بھارتی جارحیت جاری ہے، جس کا پاک فوج بھرپور طریقے سے جواب دے رہی ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسے کسی بھی حملے کا مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور ایسے خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔