پاکستان جب بھارت پر حملہ کرے گا تو دنیا میں اس کی گونج ہوگی، ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ رات امرتسر کی حدود میں چار میزائل فائر کیے اور اپنی ہی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنا کر اس کا الزام پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان کارروائی کرے گا تو اس کی بازگشت پوری دنیا میں سنائی دے گی۔

اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران جنرل احمد شریف چوہدری نے وضاحت کی کہ بھارت سے آنے والے میزائل کی پوری نگرانی کی گئی اور ہم ہر اُس چیز پر کڑی نظر رکھتے ہیں جو بھارت سے ہماری سرزمین کی طرف بڑھتی ہے۔

انہوں نے بھارتی دعوؤں کو جھوٹ اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا یہ کہنا کہ اُس نے پاکستان میں 15 مقامات کو نشانہ بنایا، دراصل ایک افسانہ ہے جو جھوٹے پراپیگنڈے پر مبنی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بھارت اب بھی پچھلے زمانے میں جی رہا ہے یا موجودہ جدید دور کو سمجھنے سے قاصر ہے؟

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کو فلمی دنیا سے نکل کر حقیقی حالات کا سامنا کرنا ہوگا۔ اُن تصاویر کو جعلی قرار دیا جو مبینہ طور پر پاکستان کے حملے سے منسوب کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جھوٹی تصاویر حقیقت کا روپ دینے کے لیے جان بوجھ کر آگ لگا کر منظر سازی کی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی نقل و حرکت پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور آج مار گرائے گئے 29 بھارتی ڈرونز کی تحقیقات اور فرانزک جانچ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر بھارت کا فضائی دفاعی نظام اتنا مضبوط ہے تو دو دن پہلے پانچ بھارتی طیارے کیسے گرائے گئے؟

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جب پاکستان وقت اور حکمت عملی کے تحت جواب دے گا تو اُس کی گونج بین الاقوامی سطح پر سنی جائے گی، اور کسی بھارتی میڈیا کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بھارت نے بہت چھوٹے سائز کے ڈرونز استعمال کیے تاکہ وہ ایئر ڈیفنس ریڈار پر نہ آئیں، مگر پاکستانی دفاعی نظام نے انہیں بروقت شناخت کر کے نشانہ بنایا۔

جنرل احمد شریف نے کہا کہ تمام 29 ڈرونز کو احتیاط کے ساتھ تباہ کیا گیا، سوائے ایک کے جس کے دھماکے میں چار فوجی زخمی ہوئے اور دفاعی نظام کو معمولی نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے جھوٹا الزام لگا رہا ہے۔

اختتام پر انہوں نے بتایا کہ بھارتی ڈرون حملوں کے نتیجے میں تین پاکستانی شہری شہید ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں