پاک فوج کا ایل اوسی پرگولہ باری کا دندان شکن جواب؛ بھارتی پوسٹیں تباہ

راولپنڈی ۔کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 5 معصوم شہری جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارتی فوج نے فوجی محاذ پر پسپائی کے بعد شہری آبادی پر حملے شروع کر دیے۔

بھارتی افواج نے ہجیرہ، فارورڈ کہوٹہ اور کھوئی رٹہ کے علاقوں میں شدید فائرنگ اور گولہ باری کی، جس سے عام شہری متاثر ہوئے۔ بھارتی افواج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ اس کے جواب میں پاک فوج نے مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے بعد بھارتی توپوں کی خاموشی چھا گئی۔

دھرمسال کے مقام پر بٹل سیکٹر کے مقابل بھارتی چوکیوں سے بھارتی فوج نے ایک بار پھر سفید جھنڈا لہرا کر اپنی کمزوری تسلیم کی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارتی فوج کی جانب سے سفید جھنڈے کا مطلب جنگی ناکامی کو تسلیم کرنا ہے۔

جوابی کارروائی میں پاک فوج نے بھارتی فوج کی متعدد چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ کیلر سیکٹر میں ڈوبہ مور پوسٹ، بٹالین ہیڈ کوارٹر سوجی، اور پیر کانتھی سیکٹر میں جبار و ترکھیاں کمپلیکس مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جس سے بھارتی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

اس کے علاوہ، حاجی پیر سیکٹر میں رِنگ کنٹوئر اور بگھسر کے قریب پوکران مارٹر پوسٹ، نیز کیلر سیکٹر میں مہیری پوسٹ اور خالصہ ٹاپ جبکہ رکھ چکری میں دنا ٹاپ اور ماؤنڈ پوسٹ بھی تباہ کر دی گئیں۔

لائن آف کنٹرول پر پے در پے جوابی حملوں کے باعث بھارتی افواج شدید دباؤ کا شکار دکھائی دے رہی ہیں۔ اس سے قبل بھی پاک فوج نے جوابی فائرنگ کے دوران بھارتی فوج کے اہم ہیڈکوارٹرز، بشمول نانگا ٹک اور حاجی پیر سیکٹر کی جھنڈا زیارت پوسٹ کو شدید نقصان پہنچایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں