نئی دہلی ۔بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مصری نے کہا ہے کہ سیز فائر پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (DGMO) کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت کے نتیجے میں ممکن ہوا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، سیکرٹری خارجہ وکرم مصری نے تصدیق کی کہ پاکستان اور بھارت نے ایک دوسرے پر زمین، فضائی اور بحری حملے نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جنگ بندی کے معاہدے کے بعد، مقامی وقت کے مطابق 3 بج کر 35 منٹ سے سیز فائر کا آغاز ہو گیا۔
وکرم مصری نے اس امید کا اظہار کیا کہ سیز فائر دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا اور اس میں کبھی بھی جارحیت کی ابتدا نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیز فائر کے اعلان کے فوراً بعد ملک بھر میں فضائی آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا تھا کہ طویل بات چیت کے بعد پاکستان اور بھارت نے امریکی ثالثی میں سیز فائر پر اتفاق کیا۔
اس سے پہلے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی بتایا تھا کہ سیز فائر کے لیے پاکستان اور بھارت کی قیادت کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔