بھارت کو منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر آج ملک بھر میں یوم تشکر

اسلام آباد۔پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کے بھرپور جواب اور آپریشن “بنیان المرصوص” کی کامیابی پر آج ملک بھر میں یومِ تشکر منایا جا رہا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں پاک فوج کی حمایت میں جلوس نکالے جا رہے ہیں اور خوشی کے طور پر مٹھائیاں بانٹی جا رہی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق، آپریشن “بنیان المرصوص” کے دوران بھارتی فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد پاکستان میں جشن کا سماں ہے۔

اتوار کے روز شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں عوام نے خوشی کا اظہار ڈھول کی تھاپ پر رقص اور مٹھائیاں تقسیم کر کے کیا، جبکہ سکھ برادری اور آزاد کشمیر کے شہریوں نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے افواجِ پاکستان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

آزاد کشمیر سے لے کر اسلام آباد اور گوادر سے کراچی تک لوگوں نے اس کامیاب کارروائی پر خوشی منائی اور پاک فوج کے حوصلے کو سراہا۔

اس تاریخی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے فوجی جوانوں کی دلیری اور قربانیوں کو قوم نے سلام پیش کیا، اور اس لمحے کو اتحاد، عزم اور قومی وقار کا مظہر قرار دیا۔

مزید یہ کہ شہری بڑی تعداد میں سوشل میڈیا پر سرگرم دکھائی دیے، جہاں انہوں نے فوج اور حکومت کے لیے تعریفی پیغامات شیئر کیے۔ سڑکوں پر عوام کا جوش و جذبہ دیدنی تھا، ہر طرف جشن کی فضا قائم تھی۔

حکامِ بالا نے بھی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور تزویراتی منصوبہ بندی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیاب حکمت عملی نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں