تجزیہ (اعجاز چیمہ)
پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کی جارحیت کے جواب میں آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ (آپریشن آہنی دیوار) کا آغاز کرتے ہوئے ایک ایسی تباہ کن جوابی کارروائی کی ہے جو خطے کی تاریخ کا رخ بدل دے گی۔
یہ آپریشن نہ صرف بھارت کی فوجی برتری کے “جھوٹے دعوؤں” کو خاک میں ملا رہا ہے، بلکہ یہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا بھی عالمی اعلان ہے۔ اس آپریشن میں پاک فوج نے بھارت کے ایئربیسز، ایئر ڈیفنس سسٹمز، بریگیڈ ہیڈکوارٹرز اور میزائل اسٹوریج سائٹس کو نشانہ بنا کر اس کے جنگی جنون کو للکارا۔
پاکستان ایئر فورس کے جے ایف-17 تھنڈر طیاروں نے بھارت کے ڈیڑھ ارب ڈالر کے ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو تباہ کر کے دنیا کو دکھا دیا کہ جدید ترین روسی ٹیکنالوجی بھی پاکستان کی دفاعی حکمت عملی کے آگے بے بس ہے۔ یہ اقدام نہ صرف بھارت کے دفاعی نظام کو کمزور کرتا ہے، بلکہ خطے میں پاکستان کی فضائی بالادستی کو بھی ثابت کرتا ہے۔
پاکستان نے ادھم پور، پٹھان کوٹ، سرسہ اور سورت گڑھ سمیت متعدد بھارتی ایئربیسز کو نشانہ بنایا، جہاں سے پاکستانی شہریوں اور مساجد پر حملے کیے گئے تھے۔ ویڈیو شواہد میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فتح ون میزائلوں نے بھارتی اہداف کو تباہ کر کے انہیں آگ کے شعلوں میں تبدیل کردیا۔
بیاس میں واقع براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ کی تباہی اس آپریشن کا اہم موڑ ہے۔ یہ وہی مقام تھا جہاں سے بھارت نے پاکستان پر میزائل داغے تھے۔ پاکستان نے اس ڈپو کو تباہ کر کے بھارت کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ہر حملے کا جواب دگنا ہوگا۔
پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا۔ ربتانوالی، جزیرہ پوسٹ، اور جی ٹاپ جیسے اہم فوجی ٹھکانوں کو تباہ کر کے بھارت کی جارحانہ چالوں کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی توپخانے مکمل طور پر خاموش ہو چکے ہیں۔
آپریشن کی شدت کے بعد امریکہ نے دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر کروادیا ہے لیکن پاکستان نے واضح کر دیا کہ وہ اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان نہ صرف اپنی سرزمین کی حفاظت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بلکہ وہ دشمن کے دل میں خوف بٹھانے کی قوت بھی رکھتا ہے۔ بھارت کی فضائی، زمینی اور میزائل صلاحیتوں کو تباہ کر کے پاکستان نے خطے میں اپنی دفاعی بالادستی کا لوہا منوا لیا ہے۔
عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کی جارحیت کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے، ورنہ جنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا۔ “بھارت ہر حملے کا جواب دوگنا ہوگا”، پاک فوج کا یہ پیغام اب صرف نعرہ نہیں، حقیقت بن چکا ہے۔