اسلام آباد۔افواجِ پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا دلیرانہ اور تاریخی جواب دینے پر ملک بھر میں جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے، اور اظہارِ یکجہتی کے لیے مختلف شہروں میں ریلیوں کا انعقاد جاری ہے۔
شہروں، قصبوں اور محلوں میں عوام کی بڑی تعداد نے حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریلیوں میں بھرپور شرکت کی، جہاں پاک فوج کے بہادر سپاہیوں پر پھول نچھاور کیے گئے اور ان کو گل دستے اور ہار پہنائے گئے۔
لکی مروت میں شہریوں نے قومی پرچم تھام کر “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے، جبکہ شمالی وزیرستان اور باجوڑ میں بھی عوام نے مسلح افواج کی فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ریلیاں نکالیں۔
چترال، پشاور کینٹ اور مردان کی سڑکیں بھی عوامی جوش و جذبے سے گونج اٹھیں، جہاں لوگوں نے بھارت کے خلاف کامیابی کو بھرپور انداز میں منایا۔
ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں عوام نے “پاک فوج زندہ باد” اور “بھارت مردہ باد” جیسے نعرے لگا کر اپنی محبت کا اظہار کیا۔ سوات، مہمند، نوشہرہ اور قلعہ بالا حصار میں بھی فتح کی خوشی میں بڑی ریلیاں نکالی گئیں۔
ان ریلیوں میں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، اور اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے افواج پاکستان کے حق میں پرجوش نعرے لگائے گئے۔