اسلام آباد ۔پاکستان نے بھارتی جارحیت کا دوٹوک اور موثر جواب دے کر نہ صرف دشمن کو حیرت زدہ کیا بلکہ عالمی سطح پر اپنی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا بھی منوایا۔ عالمی میڈیا اور ماہرین دفاع پاکستان کی حکمتِ عملی اور کارکردگی کی تحسین کر رہے ہیں۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی منصوبہ بندی ناکام ثابت ہوئی، جبکہ پاکستان کو عسکری میدان میں نمایاں سبقت حاصل رہی۔ بھارت فیصلہ کن کارروائی کرنے میں ناکام رہا، اور پاکستان کی فضائی قوت اس کے لیے ایک مسلسل چیلنج بنی رہی۔ اربوں روپے کے اخراجات کے باوجود بھارت کو خاطرخواہ نتائج حاصل نہ ہو سکے۔
ذرائع کے مطابق، برطانوی جریدے “ٹیلی گراف” نے پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی کو مؤثر قرار دیا اور بھارتی فضائیہ کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھائے۔ جریدے کے مطابق رافیل جیسے جدید اور مہنگے طیاروں کی تباہی بھارت کے لیے ایک “شرمناک ناکامی” ہے، جبکہ پاکستان کی فضائیہ بلاشبہ فضا کی حکمران بن کر ابھری ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان نے فضا سے فضا میں مار کرنے والے جدید میزائلوں کی مدد سے پانچ بھارتی جنگی طیارے تباہ کیے، جس سے نہ صرف اپنی فضائی برتری کا ثبوت دیا بلکہ عالمی سطح پر دفاعی ماہرین کو حیرت میں ڈال دیا۔
الجزیرہ کے مطابق، یہ تاریخ میں پہلا موقع تھا جب رافیل طیارے تباہ ہوئے، جو ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی فوجی تنصیبات اور ہوائی اڈوں کو بھاری نقصان پہنچایا، جس کے بعد بھارت کو امریکہ سے سفارتی مداخلت کی اپیل کرنا پڑی۔ دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق زمینی حقائق اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان ہر قسم کی بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے اپنی عسکری اور فضائی برتری کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔