اسلام آباد ۔مسلح افواج نے آپریشن بُنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل کا اعلان کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایاگیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے خلاف 22 اپریل سے 10 مئی تک ہونے والی جھڑپوں کو معرکہ حق کا نام دیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا کہ اس کے بعد 10 مئی کو پاکستانی مسلح افواج نے بھارت کے خلاف آپریشن “بُنیان مرصوص” کامیابی سے مکمل کیا۔
ترجمان کے مطابق بھارت کی 6 اور 7 مئی کی شب سے جاری بزدلانہ جارحیت کے جواب میں “معرکۂ حق” آپریشن شروع کیا گیا، بھارتی افواج کی جارحیت میں خواتین، بچے، بزرگوں سمیت متعدد بے گناہ اور معصوم شہری شہید ہوئے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ان مظالم کا بدلہ لینے اور انصاف فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور الحمد اللہ نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کر کے دکھایا۔ جس پر ہم ربِ ذوالجلال کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں ظلم کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی توفیق دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اللہ تعالیٰ نے مؤمنوں کو حکم دیا ہے کہ ظلم کا بدلہ لیا جائے،اور ہم اسی عاجزی کے ساتھ اللہ کے حضور سجدہ ریز ہیں۔ ہم اپنے ان شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن پر اپنی جان قربان کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ نے جنگ میں حصہ لینے والے سپائیوں، افسران، پائلٹس، ملاحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جرأت، پیشہ وارانہ مہارت اور قربانی کی وجہ سے میدان جنگ میں کامیابی ممکن ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی قوم کی ثابت قدمی، دعاؤں اور اخلاقی حمایت نے مسلح افواج کو حوصلہ کیا جبکہ نوجوان نسل نے سائبر اور انفارمیشن وارفیئر میں پہلی صف کے سپاہی بن کر اپنا کردار ادا کیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر نے جنگ کے دوران بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کیخلاف آہنی دیوار بن کر کھڑے ہونے پر ملکی میڈیا کا شکریہ ادا کیا جبکہ دفترِ خارجہ اور سفارتی عملے کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے اس دورانیے میں پاکستان کے مؤقف کو بین الاقوامی سطح پر جس وضاحت، بصیرت اور اعتماد سے پیش کیا۔
اعلامیے میں کہا کہ ہم اپنے سائنسدانوں اور انجینئرز کے بھی ممنون ہیں جنہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اس آپریشن کو مؤثر بنایا جبکہ ہم تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع پر مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا جبکہ وزیرِ اعظم اور ان کی کابینہ کا، جنہوں نے اہم فیصلے لے کر قوم کو بحران سے نکالا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے دیا گیا ردعمل مشترکہ عسکری ہم آہنگی، جدید جنگی شعور، نیٹ ورک بیسڈ وارفیئر اور ملٹی ڈومین آپریشنز کی اعلیٰ مثال تھا۔ بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذوں پر مکمل ہم آہنگی سے 26 سے زائد دشمن کے اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔