اسلام آباد۔پاک بھارت کشیدگی اور جنگ کے دوران ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلانے والے عناصر کے خلاف مہم تیز کردی گئی ،ذرائع کے مطابق پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے،پی ٹی اے اور ایف آئی اے سمیت متعلقہ اداروں نے سوشل میڈیا پر جامع مانیٹرنگ شروع کردی
پاک بھارت کشیدگی کے دوران فیک نیوز پھیلانے اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پھیلانے والوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا،پہلے مرحلہ میں بیرون ملک سے چلنے والے یوٹیوب چینلز کو بلاک کرنے کا آغاز ہوگیا ،حکومت پاکستان نے یوٹیوب انتظامیہ کو کئی یو ٹیوب چینلز بلاک کرنے کے لئے فہرست فراہم کردی ہے،حکومت پاکستان کی درخواست پر یوٹیوب نے احمد نورانی اور وقار ملک کے یوٹیوب چینل پاکستان میں بلاک کردیئے،پاک بھارت کشیدگی کے دوران مبینہ طور پر ان چینلز نے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کیا
پی ٹی اے نے وارننگ دی ہے کہ سوشل میڈیا یا کسی بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ایسا کوئی مواد شیئر نہ کریں جو ریاست، فوج، عدلیہ یا دیگر قومی اداروں کی توہین یا کردار کشی پر مبنی ہو،پیکا 2016 کے تحت پاکستان کے دفاع ، سالمیت اور تحفظ کے خلاف مواد اپلوڈ اور شیئر کرنا قابل سزا جرم ہے ، کوئی بھی ریاست مخالف مواد سوشل میڈیا یا انٹرنیٹ پر دیکھیں تو اسے بلاکنگ کے لیے فوری رپورٹ کریں ،ریاست مخالف غیرقانونی مواد بلاکنگ کے لیے متعلقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور پی ٹی اے کو رپورٹ کیا جائے ، عوام ریاست مخالف مواد تفتیش کے لئے ایف آئی اے کو رپورٹ کریں۔