دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی کرکٹ آپریشنز ورکشاپ دبئی میں شروع ہوگئی ہے جس میں 2027 سے 2031 تک کے فیوچر ٹور پروگرام پر اہم معاملات زیرغور آئیں گے۔
موجودہ ایف ٹی پی سائیکل مارچ 2027 میں مکمل ہوگی۔ نئے سائیکل میں مکمل رکن ممالک کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی تعداد بڑھنے کا امکان ہے جبکہ دوطرفہ ون ڈے میچز کم ہوسکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ون ڈے ورلڈ کپ کی اہمیت برقرار رکھنے کے لیے تین یا چار ملکی سیریز کے ذریعے 50 اوورز کی کرکٹ کو فروغ دینے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ آسٹریلیا انگلینڈ اور بھارت کے درمیان بڑی باہمی سیریز کا خاکہ پہلے ہی طے ہے۔
ایشیز 2027 2029-30 اور 2031 میں شیڈول ہے جبکہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز بھی طے ہیں۔ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی شمولیت بھی نئے شیڈول کے لیے اہم چیلنج ہوگی۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں افغانستان آئرلینڈ اور زمبابوے کی شمولیت سمیت دیگر تجاویز بھی زیرغور ہیں۔ ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کے مزید سپلائرز کی منظوری بھی ورکشاپ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔











