لاہور:لاہور میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے کیس میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں جہاں متاثرہ خاتون ڈیانا کی ماضی میں جہلم کے علاقے سرائے عالمگیر میں شادی اور طلاق کا ریکارڈ سامنے آگیا۔
دستاویز کے مطابق ڈیانا کی شادی 12 فروری 2025 کو سرائے عالمگیر جہلم میں ہوئی تھی۔ طلاق نامے میں درج ہے کہ شوہر نے ڈیانا کو تین طلاقیں دے دیں اور مؤقف اختیار کیا کہ وہ ازدواجی زندگی محبت اور الفت کے ساتھ جاری نہیں رکھ سکتا۔
دستاویز میں شوہر کی جانب سے طلاق کی تحریری تصدیق بھی موجود ہے۔ طلاق نامے کے مطابق طلاق کو اسلامی اصولوں اور پاکستانی قانون کے مطابق قرار دیا گیا جبکہ عدت مکمل ہونے کے بعد ڈیانا کو دوسری شادی کی اجازت کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کیس کی تفتیش میں بھی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے میں مسکان اور دیگر افراد گرفتار ہیں جبکہ 20 سے زائد افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مرکزی ملزم احمد تنویر تاحال گرفتار نہیں ہوسکا جبکہ گرفتار ملزمان کے بیانات بھی ریکارڈ کرلیے گئے ہیں۔ پولیس نے واقعے سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کرنے اور تفتیش جاری رکھنے کا بتایا ہے۔











