اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع کے لیے اپنے تمام دستیاب وسائل فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے اور حوثیوں کے حملوں سے سعودی عرب کے دفاع میں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
روم کے دورے کے دوران انٹرویو میں خواجہ آصف نے سعودی عرب میں موجود پاکستانی فوجیوں کی حوثیوں کے خلاف فضائی حملوں میں شرکت کی تصدیق یا تردید سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع کا پابند ہے اور دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان کے تمام دستیاب وسائل سعودی عرب کے لیے میسر ہوں گے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ حوثیوں نے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں جبکہ یمن میں بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں تک اپنا کنٹرول بڑھایا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کی مدد کے حوالے سے پاکستان کے عزم میں کوئی ابہام نہیں اور سعودی عرب کا کوئی بھی دشمن پاکستان کا دشمن ہے۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں۔ تینوں ممالک معاہدے کے تحت سیکریٹریٹ قائم کر رہے ہیں جبکہ اتحاد کا فریم ورک بھی تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے کی تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں جبکہ دیگر ممالک نے بھی اتحاد میں شمولیت میں دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم فوری طور پر اتحاد کو وسعت دینے کا منصوبہ نہیں ہے۔











