حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان اہم مذاکرات جاری، پہلے دور کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد:وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے چیمبر میں شروع ہوگیا۔ اپوزیشن وفد میں بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، عامر ڈوگر، سلمان اکرم راجہ اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس شریک ہوئے جبکہ حکومتی کمیٹی میں وزیر داخلہ محسن نقوی، امیر مقام، شیری رحمان، نوید قمر، اعجاز جاکھرانی، طلال چوہدری اور طارق فضل چوہدری شامل تھے۔

مذاکرات سے قبل حکومتی کمیٹی نے غیر رسمی اجلاس میں قانونی امور کا جائزہ لیا اور پی ٹی آئی سے صرف سیاسی معاملات پر بات کرنے کی حکمت عملی طے کی۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت کو مذاکرات میں کوئی جھجک یا انا نہیں۔ امید ہے اپوزیشن اس موقع کو ضائع نہیں کرے گی اور لانگ مارچ کی کال واپس لے گی۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مذاکرات کی دعوت وزیراعظم نے قائد حزب اختلاف کو دی تھی اور حکومت کے دروازے ہمیشہ کھلے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر چڑھائی سے گریز کرنا ہوگا جبکہ خیبر پختونخوا حکومت کو دہشت گردی پر قابو پانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عدالتوں کے معاملات عدالتیں ہی طے کریں گی جبکہ سیاسی معاملات مذاکرات کی میز پر حل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے سیاسی رواداری کے فروغ پر بھی زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں