اسلام آباد:عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان پر پیٹرول سبسڈی محدود کرنے اور مہنگی فیول اسکیم ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے توانائی کے شعبے میں اصلاحات تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق جولائی 2025 سے مارچ 2026 کے دوران پاکستان کی معاشی شرح نمو 4 فیصد رہی تاہم مشرق وسطیٰ کے بحران کے اثرات کے باعث اس میں کمی آکر 3.6 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ مئی 2026 میں مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جبکہ بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو قابو میں رکھنے میں مدد دی۔
آئی ایم ایف نے تجویز دی کہ پیٹرولیم سبسڈی بتدریج ختم کرکے صرف مستحق افراد تک محدود کی جائے۔ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے محتاط مالیاتی پالیسی برقرار رکھنے اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا۔











