پاکستانی شوبز شخصیات کا اردن میں 5 روزہ فلاحی مشن، زخمی فلسطینی بچوں سے ملاقات

اسلام آباد:پاکستان کے معروف فنکاروں نے اردن میں فلسطینی خاندانوں کی مدد کے لیے پانچ روزہ انسانی ہمدردی مشن میں حصہ لیا۔ اس دوران غزہ سے بے گھر ہونے والے 500 سے زائد خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔

برطانیہ میں رجسٹرڈ فلاحی تنظیم ایس کے ٹی ویلفیئر کے تعاون سے یہ مشن 29 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہا۔ اس میں جاوید شیخ، صبا حمید، شگفتہ اعجاز، خالد انعم، کبریٰ خان، گوہر رشید، احمد علی اکبر، علی خان اور نبیل ظفر سمیت متعدد فنکار شریک ہوئے۔

فنکاروں نے اردن میں زیر علاج فلسطینی بچوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقاتیں بھی کیں۔ اداکار خالد انعم کے مطابق زخمی بچوں کے علاوہ کینسر اور دل کی بیماریوں میں مبتلا بچے بھی شامل تھے۔

فلاحی تنظیم نے بچوں کے لیے کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ کھانے کا اہتمام بھی کیا۔ فنکاروں نے امدادی سرگرمیوں کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں