مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر سی ڈی اے کا نوٹس

اسلام آباد: کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر مبینہ غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کی نشاندہی کرتے ہوئے نوٹس چسپاں کردیا اور خلاف ورزیاں ختم کرنے کے لیے 15 روز کی مہلت دے دی۔

سی ڈی اے کے مطابق سیکیورٹی گارڈز کے کیبن اور جنریٹر سرکاری اراضی پر قائم ہیں جبکہ گھر میں سیٹ بیکس پر بھی غیرقانونی تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ مقررہ مدت میں خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے پر عمارت سیل یا غیرقانونی تعمیرات مسمار کرنے کی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کے بیٹے مولانا اسجد محمود نے سی ڈی اے کی کارروائی کو انتقامی اقدام قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پشاور میں کور کمانڈر کے سامنے تجاوزات کی نشاندہی کے بعد انتقامی کارروائیاں شروع کی گئیں۔

مولانا اسجد محمود نے کہا کہ سیکیورٹی کیبن, جنریٹر کی منتقلی اور اضافی کچن کی تعمیر پر اعتراضات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے سیاسی اختلافات کو ذاتی انتقام میں تبدیل کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں