اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنا بڑا چیلنج ہے تاہم حکومت اس بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت انسداد پولیو سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں حالیہ کیسز اور حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع خیبر سے نیا کیس سامنے آنے کے بعد رواں سال ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
وزیراعظم نے پولیو کے حالیہ کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ اور حساس علاقوں میں حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج بڑھانے اور پولیو ورکرز کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں کے دورے اور وزرائے اعلیٰ و چیف سیکرٹریز سے مشاورت کے بعد ایک ہفتے میں انسداد پولیو کا مربوط لائحہ عمل تیار کرنے کا حکم دیا۔
بریفنگ کے مطابق خیبر پختونخوا میں ضلع خیبر سے 3, بنوں سے 3 اور شمالی وزیرستان سے ایک کیس رپورٹ ہوا۔ سندھ میں کراچی شرقی اور سجاول سے ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔ پنجاب میں فروری 2025 کے بعد جبکہ بلوچستان میں 2025 اور 2026 کے دوران کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔











