پاکستان کی زہریلی سردیاں: نجات کیسے ملے؟

کبھی سردیوں کی آمد دھوپ میں بیٹھنے، گرم چائے پینے اور دھند میں لپٹی صبحوں سے لطف اندوز ہونے کا پیغام لاتی تھی۔ اب پاکستان کے کئی شہروں میں یہی موسم آنکھوں کی جلن، گلے کی خراش، مسلسل کھانسی اور سانس لینے میں دشواری کی خبر لے کر آتا ہے۔ والدین صبح بچوں کو اسکول بھیجنے سے پہلے موسم کے ساتھ ہوا کا معیار بھی دیکھتے ہیں۔ بزرگوں کے لیے چہل قدمی مشکل اور سانس کے مریضوں کے لیے گھر سے نکلنا امتحان بن جاتا ہے۔ ہماری سردیاں زہریلی ہو رہی ہیں، مگر سوال یہ ہے کہ کیا ہم ہر سال چند ہنگامی اقدامات پر اکتفا کرتے رہیں گے یا اس بحران کی جڑ تک بھی پہنچیں گے؟
پاکستان میں سموگ کا بڑا حصہ ہماری اپنی سرگرمیوں سے پیدا ہوتا ہے۔ سڑکوں پر دھواں چھوڑتی گاڑیاں، ناقص ایندھن، صنعتی اخراج، اینٹوں کے بھٹے اور مختلف مقامات پر جلایا جانے والا کچرا ہماری فضا کو مسلسل آلودہ کر رہے ہیں۔ فصلوں کی باقیات جلانے اور سرحد پار سے آنے والی آلودگی کا بھی کردار ہو سکتا ہے، لیکن اپنے شہروں کے اخراج کو نظرانداز کرکے پورا مسئلہ ان عوامل کے کھاتے میں ڈال دینا درست نہیں۔ جب مسئلے کی تشخیص ادھوری ہوگی تو اس کا علاج بھی ادھورا رہے گا۔
سموگ پاکستان کے لیے کوئی اچانک نمودار ہونے والی آفت نہیں۔ پنجاب میں اس مسئلے کی نشان دہی کئی دہائیاں پہلے ہو چکی تھی، تاہم نومبر 2016 میں لاہور پر چھانے والی گہری سرمئی تہہ نے اسے وسیع عوامی توجہ کا مرکز بنایا۔ ابتدا میں بہت سے لوگوں نے اسے معمول کی دھند سمجھا، مگر جلد ہی واضح ہوگیا کہ یہ محض موسم کا بدلتا رنگ نہیں، ہوا میں جمع ہونے والی آلودگی ہے۔ اس کے بعد ہر سردی میں یہ بحران لوٹتا رہا اور ہماری روزمرہ زندگی، معیشت اور صحت کو متاثر کرتا رہا۔
عام فہم انداز میں سموگ کو دھوئیں اور دھند کا امتزاج کہا جاتا ہے، لیکن اس کی حقیقت اس سے زیادہ پیچیدہ ہے۔ گاڑیوں، کارخانوں، بھٹوں اور جلنے والے مواد سے خارج ہونے والی بعض گیسیں فضا میں کیمیائی عمل سے مزید باریک آلودہ ذرات بناتی ہیں۔ سردیوں میں جب زمین کے قریب ٹھنڈی ہوا کے اوپر نسبتاً گرم ہوا کی تہہ قائم ہو جائے اور ہوا کی رفتار بھی کم ہو تو آلودگی اوپر پھیلنے کے بجائے نچلی سطح پر جمع ہونے لگتی ہے۔ یوں شہر اپنے ہی پیدا کردہ دھوئیں میں گھر جاتے ہیں۔
ان آلودہ ذرات میں پی ایم 2.5 خاص طور پر تشویش کا باعث ہیں۔ یہ اتنے باریک ہوتے ہیں کہ سانس کے ذریعے پھیپھڑوں کی گہرائی تک پہنچ سکتے ہیں۔ اس لیے سموگ کو صرف نظر آنے والی دھند یا آنکھوں کی جلن کا مسئلہ سمجھنا غلط ہوگا۔ صاف دکھائی دینے والی فضا بھی آلودہ ہو سکتی ہے، جبکہ دھوئیں کی نمایاں تہہ اس خطرے کی صرف ایک ظاہری شکل ہے۔
ہمارے ہاں سموگ کی بحث اکثر فصلوں کی باقیات جلانے سے شروع ہوتی ہے اور وہیں ختم ہو جاتی ہے۔ دستیاب مطالعات، تاہم، ایک زیادہ وسیع تصویر پیش کرتے ہیں۔ پنجاب کے بارے میں اقوام متحدہ کے ادارۂ خوراک و زراعت کے 2018–2019 کے ایک مطالعے میں اخراج کے مختلف ذرائع میں ٹرانسپورٹ کا حصہ 43 فیصد، صنعت کا 25 فیصد، فصلوں کی باقیات جلانے کا 20 فیصد اور بجلی کی پیداوار کا 12 فیصد بتایا گیا۔ لاہور سے متعلق اربن یونٹ کے 2022 کے ایک تخمینے میں بھی ٹرانسپورٹ نمایاں ترین ذریعہ تھی۔
یہاں ایک اہم احتیاط ضروری ہے۔ مختلف مطالعات کا جغرافیائی دائرہ، طریقۂ کار اور زیرِ مطالعہ آلودگی یکساں نہیں ہوتی۔ مجموعی اخراج میں کسی شعبے کا حصہ، سانس کے ساتھ جسم میں داخل ہونے والے باریک ذرات میں اس کے حصے کے برابر بھی ضروری نہیں۔ اس لیے کسی ایک شرح کو ہر شہر اور ہر موسم پر لاگو نہیں کیا جا سکتا۔ البتہ ان مطالعات کا واضح پیغام یہی ہے کہ گاڑیوں اور ایندھن کے مسئلے کو حل کیے بغیر سموگ پر قابو پانا ممکن نہیں۔
یہ بحران صرف لاہور تک محدود نہیں۔ کراچی میں صنعتی سرگرمیاں، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بڑھتی ہوئی ٹریفک، پشاور میں مال بردار گاڑیاں اور بھٹے، جبکہ دیگر شہروں میں صنعت، گردوغبار اور مختلف اقسام کا اخراج مقامی حالات کے مطابق آلودگی پیدا کرتے ہیں۔ فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور دوسرے شہروں کو بھی اسی سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ قومی حکمت عملی ضرور ہونی چاہیے، مگر ہر شہر کا منصوبہ اس کے اپنے شواہد اور ضروریات کی بنیاد پر بننا چاہیے۔
ہم نے صنعت کاری، شہری توسیع اور جدید ذرائع آمدورفت کو بہتر زندگی کا وسیلہ سمجھا تھا۔ یہ ضروری بھی تھے، مگر ان کے ماحولیاتی اثرات کو نظرانداز کرنے کی قیمت اب عوام ادا کر رہے ہیں۔ بیمار بچے، اسپتالوں کا بڑھتا ہوا بوجھ، کام سے غیرحاضری، علاج کے اخراجات اور کم ہوتی پیداواری صلاحیت اسی قیمت کی مختلف صورتیں ہیں۔ ترقی کا حساب صرف نئی سڑکوں، عمارتوں اور گاڑیوں سے نہیں ہونا چاہیے؛ اس میں یہ سوال بھی شامل ہونا چاہیے کہ ان شہروں میں رہنے والے لوگ کس معیار کی ہوا میں سانس لے رہے ہیں۔
دنیا کا تجربہ بتاتا ہے کہ اس صورتِ حال کو بدلا جا سکتا ہے۔ بیجنگ کبھی شدید فضائی آلودگی کی نمایاں مثال تھا۔ چین نے وہاں مسئلے سے نمٹنے کے لیے اہداف مقرر کیے، وسائل فراہم کیے اور توانائی، صنعت اور ٹرانسپورٹ میں مسلسل اصلاحات کیں۔ کوئلے پر انحصار کم کیا گیا، گھریلو حرارت کے صاف ذرائع متعارف کرائے گئے، پرانی گاڑیاں سڑکوں سے ہٹائی گئیں اور آلودگی پھیلانے والے صنعتی اداروں کے خلاف کارروائی ہوئی۔ نتیجتاً ایک دہائی میں ہوا کے معیار میں نمایاں بہتری آئی۔
لاس اینجلس کا تجربہ بھی ہمارے لیے اہم ہے، خصوصاً اس لیے کہ وہاں گاڑیوں سے پیدا ہونے والی آلودگی ایک بڑا مسئلہ رہی ہے۔ گاڑیوں کے اخراج کے سخت معیار، بہتر ایندھن، دھوئیں میں مضر مادے کم کرنے والی ٹیکنالوجی اور مسلسل نگرانی نے کئی دہائیوں میں صورتِ حال بہتر بنائی۔ یہ شہر مکمل طور پر آلودگی سے پاک نہیں ہوئے، مگر انہوں نے ثابت کیا کہ قابلِ عمل اہداف اور مستقل اقدامات سے فرق پڑتا ہے۔ ان کامیابیوں کی بنیاد اسکولوں کی بندش نہیں، آلودگی پیدا کرنے والے ذرائع میں تبدیلی تھی۔
پاکستان کو بھی سب سے پہلے اپنا ہدف اور اس کے حصول کی مدت واضح کرنا ہوگی۔ مثال کے طور پر لاہور میں باریک ذرات کی سالانہ اوسط کم کرنے کے لیے پانچ سالہ منصوبہ بنایا جا سکتا ہے، جس میں ہر سال کی پیش رفت عوام کے سامنے رکھی جائے۔ ہدف کا تعین معتبر مقامی پیمائشوں کی بنیاد پر ہو اور اسے عالمی ادارۂ صحت کی رہنما حد کی طرف بڑھنے کا مرحلہ سمجھا جائے۔ محض ایک اجلاس، ایک مہم یا چند ہفتوں کی کارروائی کو پالیسی کا نام دے دینا کافی نہیں۔
ابتدا ٹرانسپورٹ اور ایندھن سے ہونی چاہیے۔ زیادہ دھواں چھوڑنے والے پرانے ڈیزل ٹرکوں، بسوں اور دو اسٹروک رکشوں کو مرحلہ وار تبدیل کیا جائے۔ اس عمل میں چھوٹے مالکان اور ڈرائیوروں کو مالی مدد یا آسان قرض فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ اصلاحات ان کے روزگار پر اچانک بوجھ نہ بنیں۔ گاڑیوں کی رجسٹریشن اور تجدید کو حقیقی اخراج ٹیسٹ سے منسلک کیا جائے۔ ایسا نظام درکار ہے جس میں گاڑی کا معائنہ ہو، محض فیس لے کر سرٹیفکیٹ جاری نہ کر دیا جائے۔
صاف ایندھن اور بہتر انجن ایک دوسرے کے ساتھ چلتے ہیں۔ صرف ایندھن کا معیار بہتر کرنا کافی نہیں اگر سڑکوں پر ناقص حالت کی گاڑیاں چلتی رہیں؛ اسی طرح جدید انجن کا فائدہ بھی محدود ہوگا اگر اسے غیرمعیاری ایندھن ملے۔ ریفائنریوں، درآمد کنندگان اور گاڑیاں تیار کرنے والے اداروں کے لیے واضح، قابلِ عمل اور یکساں معیار مقرر کرنا ہوں گے۔ ساتھ ہی قابلِ اعتماد عوامی ٹرانسپورٹ کو وسعت دینا ہوگی تاکہ شہریوں کے پاس ذاتی گاڑی کا مناسب متبادل موجود ہو۔
صنعت اور بھٹوں کے لیے بھی محض عارضی بندشوں سے آگے بڑھنا ضروری ہے۔ بڑے صنعتی بوائلروں اور بھٹیوں کے اخراج کی مسلسل نگرانی، آزاد ماحولیاتی جانچ اور نتائج کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ کارخانوں میں مؤثر فلٹر اور آلودگی کم کرنے والے آلات نصب ہوں۔ اینٹوں کے بھٹوں کو بہتر ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے ساتھ ان کے درست استعمال کی نگرانی بھی ہو۔ زگ زیگ ٹیکنالوجی اخراج اور ایندھن کی کھپت کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے، مگر صرف کاغذ پر تبدیلی دکھا دینا کافی نہیں۔
کسانوں کو بھی حل کا حصہ بنانا ہوگا۔ فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی اسی وقت مؤثر ہوگی جب انہیں باقیات سنبھالنے کے لیے مشینری، مناسب سہولت اور معاشی متبادل میسر ہوں۔ اسی طرح شہری علاقوں میں کچرا اٹھانے کا نظام بہتر کیے بغیر صرف اسے جلانے کی ممانعت کافی نہیں۔ ماحولیاتی پالیسی تب کامیاب ہوتی ہے جب وہ لوگوں کو ذمہ داری کے ساتھ عمل کا راستہ بھی فراہم کرے۔
اس پورے عمل میں معتبر معلومات بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔ ہوا کے معیار کے اعدادوشمار باقاعدگی سے عوام کو دستیاب ہوں، نگرانی کے آلات کی جانچ ہو اور آلودگی کے ذرائع کا مطالعہ وقفے وقفے سے دہرایا جائے۔ صوبوں، وفاقی دارالحکومت اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ بھی ضروری ہے۔ ہوا انتظامی سرحدوں کی پابند نہیں، اس لیے اس کی بہتری کا منصوبہ بھی الگ الگ محکموں کی فائلوں تک محدود نہیں رہ سکتا۔
شہریوں کی ذمہ داری بھی اپنی جگہ ہے۔ کچرا، پتے اور ٹائر جلانے سے گریز، گاڑی کی مناسب دیکھ بھال اور بلاوجہ انجن چلتا چھوڑنے کی عادت ختم کرنا مفید اقدامات ہیں۔ شدید آلودگی کے دنوں میں غیرضروری بیرونی سرگرمیاں محدود کرنا اور مناسب حفاظتی احتیاط اختیار کرنا بھی ضروری ہے۔ تاہم صاف ہوا کی بنیادی ذمہ داری فرد کے کندھوں پر ڈال دینا درست نہیں۔ ہر شہری گھر میں ہوا صاف کرنے کا آلہ نہیں لگا سکتا، اور نہ ہر مزدور آلودہ دن میں روزگار چھوڑ کر گھر بیٹھ سکتا ہے۔
اسکولوں کی عارضی بندش غیرمعمولی حالات میں بچوں کی نمائش کم کرنے کا ہنگامی قدم ہو سکتی ہے، لیکن اسے مستقل حل نہیں سمجھنا چاہیے۔ اصل کامیابی یہ ہوگی کہ بچے محفوظ فضا میں اسکول جا سکیں، مزدور صحت کو داؤ پر لگائے بغیر کام کر سکیں اور بزرگ کھلی ہوا میں سانس لے سکیں۔
بیجنگ کو برسوں اور لاس اینجلس کو دہائیاں لگیں۔ پاکستان بھی ایک موسم میں اس بحران سے باہر نہیں آئے گا، مگر آغاز آج ہو سکتا ہے۔ گاڑیوں اور ایندھن کی اصلاح، صنعت اور بھٹوں کی نگرانی، فصلوں اور کچرے کے بہتر انتظام اور عوام کے سامنے جواب دہی سے راستہ نکل سکتا ہے۔ صاف ہوا کوئی آسائش نہیں، زندگی کی بنیادی ضرورت ہے۔ ہماری پالیسی کی کامیابی کا پیمانہ یہ ہونا چاہیے کہ اگلی نسل کو ورثے میں کتنی عمارتیں ملیں گی، اس کے ساتھ یہ بھی کہ ان عمارتوں کے باہر وہ کس ہوا میں سانس لے گی۔

صاحبِ مضمون قائداعظم یونیورسٹی، اسلام آباد کے شعبۂ ماحولیاتی علوم میں پروفیسر ہیں۔ ان کی تحقیق کے اہم شعبوں میں موسمیاتی تبدیلی، ماحول دوست ٹیکنالوجی کے ذریعے آلودگی کا تدارک اور ماحولیاتی خردحیاتیات شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں