اسلام آباد: عالمی بینک نے سندھ کے دیہی علاقوں میں صاف پانی اور صفائی کے نظام کی بہتری کیلئے پاکستان کو 30 کروڑ ڈالر قرض دینے کی منظوری دے دی۔
منصوبے کے تحت دیہی علاقوں میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر سپلائی سسٹم نصب کیے جائیں گے جبکہ نکاسی آب اور صفائی کا جدید نظام بھی قائم کیا جائے گا۔ منصوبے سے سندھ کی 80 فیصد دیہی آبادی کو پانی اور صفائی کی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
عالمی بینک کے مطابق منصوبے کا مقصد بچوں میں غذائی کمی اور نشوونما کے مسائل کم کرنا بھی ہے۔ دیہی سندھ میں پانچ سال سے کم عمر نصف سے زائد بچے کم نشوونما کا شکار ہیں۔
دس سالہ منصوبہ چار مراحل میں مکمل ہوگا۔ پہلے مرحلے پر مجموعی طور پر 54 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے جس میں عالمی بینک 30 کروڑ ڈالر، ایشیائی ترقیاتی بینک 15 کروڑ ڈالر اور سندھ حکومت 9 کروڑ ڈالر فراہم کرے گی۔











