اسلام آباد: آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میرانشاہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور پاک فوج کے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف کو شمالی وزیرستان کی سکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری آپریشنز اور دہشت گردی کے خلاف حاصل کامیابیوں کو مستحکم کرنے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کی اعلیٰ تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور ملکی دفاع کے لیے عزم کو سراہا۔ انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کو بہادر فرنٹ لائن فورس قرار دیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف اس کی قربانیوں اور استقامت پر فخر کا اظہار کیا۔
انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے اور خیبر پختونخوا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
قبل ازیں میرانشاہ آمد پر کمانڈر پشاور کور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔











