پشاور: جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ جہاں کھڑی ہے وہیں رک جائے ورنہ جے یو آئی سڑکوں پر نکلے گی اور ضرورت پڑنے پر جیلوں کا رخ بھی کرے گی۔
پشاور میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم مشتعل مزاج لوگ نہیں لیکن جن قوتوں نے جے یو آئی کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کی ہیں ان کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مفتی محمود مرکز تجاوزات میں نہیں بلکہ تجاوزات آپ ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ہماری سیاست میں مداخلت کرتی ہے اور اسے پاکستان کی سیاست سے دور رہنا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا کے معدنی ذخائر چوری کیے جا رہے ہیں اور جے یو آئی ان وسائل کی لوٹ مار کے خلاف آواز اٹھائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چوری کرنے والوں کے ساتھ ان کے مرکز کا بھی علم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کی ایک سو سال سے زیادہ کی سیاسی تاریخ ہے اور پارٹی کارکن اس تاریخ کی حفاظت کریں گے۔ ہمارے پاس اسلحہ یا ڈنڈے نہیں بلکہ ہم سیاسی جدوجہد کررہے ہیں اور نہتے ہاتھوں سے مقابلہ کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ حکومت گزشتہ ڈھائی سال سے جے یو آئی کو اقتدار میں شامل کرنے کی کوشش کرتی رہی اور صوبائی حکومت لینے کی پیشکش بھی کی گئی تاہم جعلی مینڈیٹ تسلیم کرنے اور حکومت میں شامل ہونے سے انکار پر دھمکیاں دی جانے لگیں۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں اور پارٹی اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی رہے گی۔











