پیار پڑہنے والے ! آج سے کچھ عرصہ پہلے چشتیاں کے ایک ہونہار گائیک یا جسے آپ مستقبل کا ابھرتا ہوا روشن ستارہ کہہ لیں رمضان جانی کا ایک گیت( اٹھ شاہ حسینا ویکھ لے )سوشل میڈیا پے وائرل ہوا اور لاکھوں میں اس کو ویوز ملے۔ لوگوں نے دل کھول کے اس کی پزیرائی کی۔
یہ گیت گا کے رمضان جانی نے راتوں رات شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا۔ گیت کی دھن اور آواز کے سوز نے سننے والوں کو موہ لیا۔ سچی بات تو یہ ہے کہ رمضان جانی نے اس گیت کو گا کر گانے کا حق ادا کر دیا ۔تعریف ،توصیف اور تحسین کے جتنے لفظ ہیں وہ اس پے نچھاور کئیے جاسکتے ہیں ۔
یہ گیت کاہے کو ہے یہ رنج و الم میں لپٹا ہوا نوحہ ہے ۔ یہ 24 کروڑ دکھی دلوں کی کوک اور ہوک ہے۔ اس کا ایک،ایک لفظ،مصرع اور بول ہمارے گئے دنوں کی تلخ اور تیکھی یادوں کا مرثیہ ہے۔ یہ ملک جو دس لاکھ شہیدوں کے خون میں لتھڑا ہوا ہمیں ملا ، جس کے حصول کے لئیے ہمارے پرکھوں نے انگریزی سامراج کا ظلم و جبر سہا۔ وہ نوجوان جو آزادی کی جنگ لڑتے ہوئے نیم تاریک راہوں میں مارے گئے۔ وہ عورتیں جو سکھوں نے اغوا کیں۔وہ غیور عورتیں جنہوں نے اپنی عزت بچانے کے لئیے کنوؤں میں کود کے جان دیدی ، وہ حاملہ عورتیں جن کے پیٹ سکھوں کی کرپانوں نے چاک کر دئیے۔جن کی چھاتیاں کاٹ ڈالیں گئیں۔ ہم نے ان کی جد وجہد کو ، ان کے اوپر ڈھائے گئے ظلم وستم ، ان کی چیخوں کو ان کی اہ و بکا کو ،ان کی سسکیوں اور فریادوں کو فراموش کر دیا اور وہ بھی محض 78 سالوں میں ۔ ہمیں یہ سب کچھ بھول گیا اور افسوس صد افسوس کے ہم یہ سب کتنی جلدی اور کتنی آسانی سے بھول کہ آج جو نتھو خیرا اٹھتا ہے وہ بے دریغ اور بلا تکان اس ارض پاک پے بھونکتا ہے۔ ہمارے کھیت کھلیان ہوس زر کا شکار ہو کے ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں تبدیل ہوتے جارہے ہیں۔ قانون و آئین محض کاغذوں کا چیتھڑا بن کے رہ گئے۔ ہمارے ادارے بے وقعت و بے اعتبارے ہوگئے۔ ہوس اقتدار میں ڈکٹیٹروں نے ملک کو دو لخت کر دیا ۔ 90 دن کا کہہ کر اپنے اقتدار کو گیارہ سالوں پے پھیلا دیا۔ سیاستدان بے ضمیر مداریوں کا گروہ بن گئے۔ ہماری جمہوریت ایک خواجہ سرا ہے جو لیپا پوتی کر کےخود کو نازنین ثابت کرنے کی بھونڈی کوشش کرتا ہے۔ ڈکٹیٹروں نے ہمارے سروں پے دو خاندان مسلط کر دئیے ہیں جنہوں نے ملکی خزانہ لوٹنے کی باریاں مقرر کر رکھی ہیں۔ سرکاری عمال ہوں یا سیاسی مداری یا پھر مذہبی پاکھنڈی یا پھر ان کے چیلے چانٹے یہ سب ایک دوسرے کے دلال ہیں ۔ 78 برسوں میں ہم نے کمال یہ کیا کہ وہ ملک جو آزادی کے کچھ ہی سالوں بعد جرمنی کو قرضہ دیتا ہے، آج خیر سے غریب ملکوں کی فہرست میں شامل ہو چکا ہے ۔ کرپشن ،بددیانتی پہلے پہل چند مخصوص با اختیار لوگوں کا خاصہ تھی اب اس حمام میں سارے ہی ننگے ہیں۔ اوپر سے لیکر نیچے تک سبھی اس ” کار خیر” یعنی وطن عزیز کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں ۔ سبھی نے اپنے اپنے کرتوتوں کے لئیے نئی نئی اصطلاحیں ایجاد کر لیں۔ اس کار شر میں کیا امیر اور کیا غریب ، کیا با اختیار یا بے اختیار سبھی شامل ہیں ۔ یعنی
( نہ کوئی بندہ رہا نہ کوئی بندہ نواز)
یہ گیت ہمارے گزشتہ 78 برسوں کے کارہائے سیاہ کا مرقع ہے۔ مرثیہ اور نوحہ ہے ۔ظلم وستم کی اک طویل رات کی کہانی ہے جو ختم ہونے میں نہی آرہی۔ یہ ہمارے کچلے ہوے اخلاق باختہ معاشرے کی داستان ہے ۔ یہ ہماری بدقسمتی اور بد نصیبی کا بین ہے اور خطرناک بات یہ ہے
کہ( قافلے کے دل سے احساس زیاں جاتا رہا).
وما علینا و الاالبلاغ











