بھارت سے مذاکرات کی بحالی نئی دہلی کے طرز عمل سے مشروط ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا فیصلہ نئی دہلی کے رویے اور اقدامات پر منحصر ہے جبکہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کرسکتا۔

غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کا حل مذاکرات میں ہے۔ جنگ شروع ہوتے ہی انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ کرکے تحمل اور برداشت کا مشورہ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں عالمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے کردار ادا کررہا ہے جبکہ خطے میں دیرپا امن کے لیے نئے سیکیورٹی فریم ورک کی ضرورت ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق بلاک پولیٹکس مسائل کا حل نہیں اور پاکستان امریکا اور چین دونوں کے ساتھ متوازن اور دوستانہ تعلقات برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل آر فور فورم کا اگلا اجلاس آئندہ ماہ جرمنی میں ہوگا۔ استنبول اجلاس میں یورپی ممالک کی شرکت کے بعد یہ پلیٹ فارم ای فور کی شکل اختیار کرچکا ہے۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان یورپی ممالک سے جی ایس پی پلس تجارتی سہولت کے تسلسل کے لیے حمایت کا خواہاں ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے خصوصی فورس بھی قائم کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں