نئی دہلی؛ ایس سی او تہذیبی مکالمہ، مصدق ملک نے موسمیاتی تبدیلی کو تہذیبوں کا دشمن قرار دے دیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی تہذیبوں اور تاریخی ورثے کے لیے بڑا خطرہ بن چکی ہے جبکہ مختلف تہذیبوں کے درمیان آزادانہ مکالمہ اور خیالات کا تبادلہ دانش مندی کی علامت ہے۔

مصدق ملک نے نئی دہلی کے پرانا قلعہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے سے اردو میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غالب کی قبر سے چند کوس دور بیٹھ کر انگریزی میں بات کرنا عجیب محسوس ہوا اس لیے انہوں نے اپنے دل کی آواز اردو میں بیان کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے غالب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہلی شاعری کا گڑھ رہا ہے جبکہ لاہور اور لکھنو بھی ادب اور تہذیب کے اہم مراکز ہیں۔ مختلف آوازوں اور شناختوں کے درمیان آزادانہ تبادلہ خیال ہی مکالمے کی اصل روح ہے اور اس کے لیے حوصلہ بھی درکار ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دہلی بیرونی تہذیبوں اور لوگوں کی آمد سے کمزور نہیں بلکہ مضبوط ہوئی۔ پرانا قلعہ بھی مختلف حکمرانوں اور تہذیبوں کی تاریخ کا عکاس ہے۔ ہمایوں نے اس کی بنیاد رکھی جبکہ شیر شاہ سوری نے اس کی تکمیل میں کردار ادا کیا۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تہذیبی شناخت دریائے سندھ اور گندھارا سے لے کر وسطی ایشیا اور ایران تک مختلف تاریخی اثرات کا امتزاج ہے۔ ٹیکسلا علم کا اہم مرکز رہا جبکہ گندھارا کا بدھ فن شاہراہ ریشم کے ذریعے وسطی ایشیا اور چین تک پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو پوری انسانیت کے لیے ایک خزانہ سمجھتا ہے اور دنیا کو اس سے استفادہ کرنے کی دعوت دیتا ہے تاہم موسمیاتی تبدیلی اب تہذیبوں اور تاریخی ورثے کے لیے ایک نئے اور سنگین خطرے کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔

بھارت کا 2023 کے بعد دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیر مصدق ملک نے نئی دہلی میں ایرانی تنظیم برائے ثقافت و تعلقات کے صدر ڈاکٹر محمد مہدی ایمان پور اور تاجکستان کی وزیر ثقافت ستوریون امون زادہ سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ تعلقات اور ثقافتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں