فوج کو اپنی قوم کے مقابلے میں طاقتور نہیں دیکھنا چاہتے، مولانا فضل الرحمان

پشاور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم فوج کے خلاف نہیں بلکہ فوج ہماری دفاعی قوت ہے، اسے دشمن کے مقابلے میں طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں اپنے مقابلے میں نہیں۔

پشاور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں مفادات کے لیے تضادات کی سیاست کی جارہی ہے، سیاست دانوں کو ایسے گھوڑے پر سوار کیا جاتا ہے جس کا کنٹرول ان کے ہاتھ میں نہیں ہوتا۔

انہوں نے ملکی معاشی صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ برآمدات کی پوزیشن کیا ہے، روپے کی قدر کہاں کھڑی ہے اور مہنگائی کی شرح کیا ہے؟ سیاست دانوں کو ہر مسئلے کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی صورتحال ایسی ہے کہ کوئی بھی نظام سے مطمئن نہیں، صوبوں کے حقوق کی بات کرنے پر ماضی میں مطالبات کو غداری قرار دیا جاتا رہا جبکہ اب صوبوں کو تقسیم کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے فاٹا کے دوبارہ وفاق کے زیر انتظام لانے کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں میں معدنی ذخائر کی وجہ سے دلچسپی بڑھ گئی ہے اور وہاں پولیٹیکل ایجنٹ کا نظام واپس لانے کی باتیں ہورہی ہیں۔

جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ تمام مسائل کا حل شفاف انتخابات میں ہے، ڈمی اسمبلیاں عوام کی خدمت نہیں کرسکتیں بلکہ ایسی اسمبلیاں صرف طاقتور کی خدمت کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں جبکہ سیاسی اختلافات اور کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات اور عوامی مینڈیٹ کا احترام ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں