حکومت کا مزید 8 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ, تیسرا عالمی ٹینڈر جاری

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کردیا ہے اور عالمی سپلائرز سے بولیاں طلب کرلی ہیں۔

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے ٹینڈر کے مطابق بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے جبکہ اسی روز دوپہر 2:30 بجے تکنیکی بولیاں کھولی جائیں گی۔ سپلائرز کے لیے کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی بولی دینا لازمی ہوگا۔

ٹینڈر میں بھارت, اسرائیل اور دیگر ممنوعہ ممالک سے گندم درآمد کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ جنگ زدہ علاقوں سے سپلائی کرنے والی کمپنیوں کو متبادل ممالک سے گندم فراہم کرنے کی پیشکش بھی دینا ہوگی۔

شرکت کرنے والے سپلائرز کے لیے کم از کم 5 سال کا برآمدی تجربہ اور گزشتہ 5 سال میں کم از کم 50 ہزار ٹن گندم برآمد کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔ درآمد کی جانے والی گندم 2026 کی نئی فصل ہونی چاہیے جس میں نمی کی مقدار زیادہ سے زیادہ 14.5 فیصد, پروٹین کم از کم 10 فیصد اور ویٹ گلوٹن کم از کم 23 فیصد ہونا ضروری ہے۔ ٹھیکے کا فیصلہ مجموعی طور پر کم ترین لاگت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

گندم کی ترسیل دو مرحلوں میں ہوگی۔ پہلے مرحلے میں 4 لاکھ ٹن گندم 25 دسمبر 2026 سے 5 جنوری 2027 کے دوران روانہ کرنا ہوگی جبکہ مزید 4 لاکھ ٹن 6 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان پاکستان بھیجی جائے گی۔

تمام 8 لاکھ ٹن گندم 15 فروری 2027 تک کراچی یا گوادر بندرگاہوں پر پہنچانا لازمی ہوگا۔ تاخیر کی صورت میں 25 امریکی سینٹ فی ٹن یومیہ ابتدائی جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔

ٹی سی پی نے درآمدی مقدار میں 10 فیصد کمی یا اضافے کی گنجائش بھی رکھی ہے تاکہ ضرورت کے مطابق حتمی مقدار میں ردوبدل کیا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں