ملتان:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دی ویمن یونیورسٹی ملتان کے آٹھویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی یونیورسٹی میں بڑی تعداد میں تعلیم یافتہ بیٹیاں صوبے کی اصل بہار ہیں۔ انہوں نے طالبات کو خود پر اعتماد کرنے اور اپنی صلاحیتیں ملک کی ترقی کے لیے استعمال کرنے کی تلقین کی۔
مریم نواز نے کہا کہ کل کے کمشنر, ڈپٹی کمشنر اور وزرائے اعلیٰ بھی انہی یونیورسٹیوں سے نکلیں گے۔ طالبات خود کو کسی سے کمتر نہ سمجھیں اور اپنی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے کے لیے کھلے ذہن کے ساتھ کام کریں۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ دسمبر سے طالبات کو اسکوٹیز ملنا شروع ہوجائیں گی۔ ایک لاکھ سے زائد اسکوٹیز کی فراہمی کے لیے 22 ارب روپے سے زیادہ کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں جبکہ 1600 طالبات کو اسکالرشپس دی جا رہی ہیں۔ پنجاب حکومت ایک لاکھ گوگل فری سرٹیفکیٹس بھی فراہم کررہی ہے اور کاروبار شروع کرنے کی خواہشمند خواتین کو بلاسود قرضے دیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں وائس چانسلرز اور سربراہان کی تقرری میرٹ پر کی جارہی ہے جبکہ پہلی بار فاطمہ جناح میڈیکل کالج میں خاتون وائس چانسلر تعینات کی گئی ہے۔
مریم نواز نے خواتین کے تحفظ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی بیٹیوں, ماؤں اور بہنوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے خواتین کو ویمن سیفٹی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے اور خطرے یا ہراسانی کی صورت میں پینک بٹن یا 15 پر فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین سال میں جنوبی پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں اور لاہور کی طرح ملتان, لیہ اور خانیوال سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عورت گھر کے ساتھ ملک اور صوبہ بھی چلا سکتی ہے اور طالبات ترقی کا دیا روشن رکھیں کیونکہ وہ پوری قوت کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔











