ممبئی: بھارتی ریپر و گلوکار بادشاہ اور پنجابی اداکارہ و ماڈل ایشا رِکھی نے خفیہ شادی کے چند ماہ بعد علیحدگی کا اعلان کردیا۔
دونوں نے 31 اگست کو انسٹاگرام پر ایک جیسے بیانات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے باہمی رضامندی سے اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایشا رِکھی نے 2013 میں پنجابی فلم ’جٹ بوائز پٹ جٹاں دے‘ سے اداکاری کا آغاز کیا اور بعد ازاں ’ہیپی گو لکی‘، ’میرے یار کمینے‘، ’واٹ دی جٹ!!‘ اور ’ارداس‘ سمیت متعدد فلموں میں کام کیا۔ انہوں نے 2018 میں فلم ’نوازادے‘ سے بالی ووڈ میں بھی قدم رکھا۔
رپورٹس کے مطابق بادشاہ اور ایشا رِکھی کی ملاقات ایک مشترکہ دوست کی پارٹی میں ہوئی تھی۔ دونوں کی موسیقی اور فلموں میں مشترکہ دلچسپی نے قربت بڑھائی اور ان کا تعلق کئی برس جاری رہا۔
دونوں کی شادی کی خبر کئی ماہ تک خفیہ رہی تاہم رواں سال جولائی میں ایشا کی والدہ نے انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شیئر کیں جس کے بعد ان کی نجی شادی کی تصدیق ہوئی۔
واضح رہے کہ بادشاہ کی یہ دوسری شادی تھی۔ اس سے قبل ان کی شادی جاسمین مسیح سے ہوئی تھی جو بعد میں طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔











