ریاست مخالف مواد کا مقدمہ؛ اقرارالحسن کا جسمانی ریمانڈ منظور

کراچی: این سی سی آئی اے نے ریاست اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے مقدمے میں معروف ٹی وی اینکر اور عوام راج تحریک کے سربراہ اقرار الحسن کو سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے انہیں 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے کردیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے اقرار الحسن سے استفسار کیا کہ کیا ان پر تشدد کیا گیا ہے؟ اقرار الحسن نے جواب دیا کہ انہیں مارا پیٹا نہیں گیا۔ عدالت نے پوچھا کہ کیا ان کا کوئی وکیل ہے جس پر انہوں نے بتایا کہ تاحال کوئی وکیل مقرر نہیں کیا۔

این سی سی آئی اے نے عدالت سے اقرار الحسن کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم سے مقدمے کے سلسلے میں تفتیش کرنی ہے۔ تاہم عدالت نے انہیں 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تحقیقاتی ادارے کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔

اقرار الحسن کے خلاف این سی سی آئی اے میں مقدمہ نمبر 101/2026 درج ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اقرار الحسن کو لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 8 میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ ان کے اہل خانہ نے بھی رات گئے گرفتاری کا الزام عائد کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق رات تقریباً 3 بجے سادہ لباس میں ملبوس اہلکار انہیں گھر سے اپنے ساتھ لے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں