اسلام آباد: سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر حوثی حملوں کے باعث فضائی آپریشن محدود ہونے سے پاکستان کی بین الاقوامی اور اندرون ملک پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 114 پروازیں منسوخ یا غیر فعال رہیں جبکہ 77 پروازوں میں تاخیر ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے باعث آج بھی پاکستان سے ریاض آنے اور جانے والی 28 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ شیڈول کے مطابق ریاض ایئرپورٹ 17 اکتوبر کی رات 12 بجے تک بند رہے گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطے متاثر ہوئے ہیں۔
پی آئی اے نے ملتان سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 765 کو متبادل ایئرپورٹ کے لیے روانہ کردیا ہے۔ کراچی سے جدہ جانے والی 2 پروازیں جبکہ سیالکوٹ اور ملتان سے دمام جانے والی ایک ایک پرواز بھی منسوخ کردی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور سے مدینہ جانے والی سعودی ایئرلائن کی پروازوں ایس وی 724 اور ایس وی 725 میں 5 گھنٹے کی تاخیر ہوئی جبکہ لاہور سے اسکردو جانے والی 4 پروازیں ڈھائی سے 3 گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔
فضائی آپریشن متاثر ہونے کے باعث اندرون ملک پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔ کراچی سے لاہور جانے والی 5 پروازوں میں 3 سے 8 گھنٹے جبکہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی 7 پروازوں میں ایک سے 5 گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی۔











