اسلام آباد: پاکستان کی مذہبی قیادت نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عمرہ زائرین پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور حرمین شریفین کی حرمت و سلامتی کو پوری امت مسلمہ کا مشترکہ معاملہ قرار دیا ہے۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پاک سعودی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف, سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم, مولانا عبدالغفور حیدری, صاحبزادہ شاہ اویس نورانی اور مولانا محمد احمد لدھیانوی سمیت دیگر رہنماؤں نے سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی, مذہبی اور برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں۔ حرمین شریفین کا تحفظ پوری امت مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے احرام کی حالت میں عمرہ زائرین کو نشانہ بنانے والے حملوں کو ناقابل قبول قرار دیا اور سعودی عرب کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ حکومت پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑی ہے۔ دیگر مذہبی رہنماؤں نے بھی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر پاکستانی قوم حرمین شریفین کے دفاع کے لیے تیار ہے۔ پاک سعودی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں نے دفاعی معاہدے پر عمل درآمد اور مقدس مقامات کی سلامتی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان خلیل اور کونسل کے ترجمان پروفیسر سجاد قمر سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔
رہنماؤں نے اعلان کیا کہ سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حملوں کی مذمت کے لیے 22 اکتوبر کو اسلام آباد کے علاقے آبپارہ میں اجتماع منعقد کیا جائے گا۔











